چارسدہ میں زیورات چوری کرنے والا گروہ بے نقاب، ایک ملزم گرفتار

سٹی چارسدہ پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے زیورات چوری کرنے والا گروہ بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکےفروخت شدہ بالیوں کی رقم برآمد کر لی

پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):سٹی چارسدہ پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے زیورات چوری کرنے والا گروہ بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکےفروخت شدہ بالیوں کی رقم برآمد کر لی۔تر جمان چارسدہ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی خان زیب خان نےکارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو چنگچی رکشے کے ذریعے نشانہ بنا کر زیورات چوری کرنے والے گروہ کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران ملزم یاسین کو گرفتار کرکے فروخت شدہ بالیوں کی رقم ایک لاکھ پچاس ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان چنگچی رکشے میں خواتین کو بھی اپنے ساتھ رکھتے تھے۔ دورانِ سفر خواتین جان بوجھ کر مسافروں کے قریب ہو کر ان کی توجہ ہٹاتیں، جس کے بعد زیورات اور قیمتی اشیاء چوری کر لی جاتیں۔ واردات کے بعد متاثرہ مسافروں کو راستے میں اتار دیا جاتا تھا۔دریں اثنا ایس ایچ او تنگی عرفان خان نے ہوائی فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لیا، جبکہ ایس ایچ او نستہ یاسین خان نے اسلحہ کی نمائش کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرکے ایک پستول برآمد کر لیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔