اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد مستحکم، پائیدار اور ہمہ گیر معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ اہداف پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ قریبی ربط و مشاورت سے 37 ماہ پر محیط پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے حالیہ اجلاس کو بریفنگ کے دوران کلی معیشت کے استحکام کے ضمن میں اصلاحات پر سختی سے کاربند رہنے کا تسلسل سے اعادہ کیا ۔
وزیر خزانہ نے ملک کے دیرپا اور مستقبل معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی کلیدی اہمیت کا اعادہ کیا۔وزیر خزانہ کی پاکستان کے معاشی مستقبل کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی اہمیت اور اس پر عمل درآمد کے اعادہ کی قومی پریس میں بھی بھرپور عکاسی ہوئی ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد میں نام نہاد مشکلات کے حوالے سے قیاس آرائیاں انفرادی اختراع کی عکاس اور معتبر ثبوت سے عاری ہیں، حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور تندہی و شفافیت کے ساتھ آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف پر تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد ایک مستحکم، پائیدار اور ہمہ گیر معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔