آئی بی سی سی نے اوورسیز درخواست دہندگان کے لیے ای پے سہولت کا آغاز کر دیا

آئی بی سی سی نے اوورسیز درخواست دہندگان کے لیے ای پے سہولت کا آغاز کر دیا

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے بین الاقوامی ایکویولینس کے درخواست دہندگان کے لیے آئی بی سی سی ۔ای پے کے نام سے آن لائن ویزا اور ماسٹر کارڈ ادائیگی کی سہولت متعارف کرا دی ہےجس کے ذریعے دنیا کے کسی بھی حصے سے محفوظ، تیز رفتار اور آسان انداز میں فیس جمع کروائی جا سکے گی۔

یہ سہولت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، بین الاقوامی طلبہ اور غیر ملکی درخواست دہندگان کی سہولت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو آئی بی سی سی سے ایکویولینس خدمات حاصل کرتے ہیں۔ آئی بی سی سی ۔ای پے کے ذریعے درخواست دہندگان اب بینک میں جسمانی طور پر حاضر ہوئے بغیر آن لائن ادائیگی کر سکیں گے، جس سے خدمات تک رسائی اور سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔آئی بی سی سی ۔ای پے کا اجراء ادارے کے وسیع تر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت، کارکردگی اور صارفین کی سہولت کو مزید بہتر بنانا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملّاح نے کہا کہ یہ سہولت وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی خصوصی ہدایات اور مسلسل معاونت کے تحت بیرونِ ملک طلبہ اور درخواست دہندگان کی سہولت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ڈاکٹر ملّاح نے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وفاقی سیکرٹری تعلیم کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی معاونت سے یہ اہم اقدام ممکن ہو سکا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نظام مکمل طور پر آئی بی سی سی کی اندرونی تکنیکی ٹیم نے تیار کیا ہے، جو ادارے کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں اور جدت پسندی کا مظہر ہے۔

انہوں نے آئی بی سی سی کی آئی ٹی ٹیم کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں عوامی سہولت، شفافیت اور طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لیے متعدد دیگر ڈیجیٹل منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔آئی بی سی سی جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے پاکستان اور دنیا بھر میں طلبہ اور دیگر متعلقہ فریقین کو معیاری، مؤثر اور آسان خدمات کی فراہمی کے اپنے عزم پر قائم ہے۔