کوئٹہ۔ 18 مئی (اے پی پی):کوہلو انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نے کوہلو کا دورہ کیا اور ایف سی کی جانب سے منعقدہ میڈیا آگاہی ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے میڈیا آگاہی ورکشاپ میں مقامی 40 صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوینسرز نے شرکت کی ورکشاپ کا بنیادی مقصد صحافیوں کو میڈیا کی اہمیت، دور حاضر کے جدید انفارمیشن کے طریقوں اور سائبر سکیورٹی جیسے اہم موضوعات پر آگاہی فراہم کرنا تھااس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نے شرکاء کی کاوشوں کو سراہا اور حالیہ پاک بھارت جنگ میں میڈیا کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا مثبت کردار قوم میں ہم آہنگی اور اتحاد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ورکشاپ میں شریک صحافیوں اور قبائلی عمائدین نے میڈیا ورکشاپ کے انعقاد پر ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو صحافیوں اور نوجوانوں کو اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی ورکشاپس مستقبل میں بھی منعقد کی جا ئے گی۔