آئی جی خیبر پختونخوا کی شہید ایڈیشنل آئی جی کے مزار پر حاضری،فاتحہ خوانی کی

انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر شہید ایڈیشنل آئی جی پی صفوت غیور کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی

پشاور۔ 04 اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر شہید ایڈیشنل آئی جی پی صفوت غیور کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ ترجمان سنٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق اس موقع پر خیبر پختونخوا پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ شہید کی اہل خانہ اور پولیس کے سینئر افسران نے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور قوم کے عظیم سپوت کی بے مثال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، کمانڈر 102بریگیڈ، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید، ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران، پولیس کے جوان، شہید کے اہلخانہ اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔آئی جی پی ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ شہدائے پولیس ہمیں اپنے ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور وطن کے دفاع کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردی، جرائم اور ہر خطرے کا مردانہ وار مقابلہ کیا تاکہ عوام محفوظ اور پرامن زندگی گزار سکیں، ہم سب پر فرض ہے کہ اپنے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو عملی طور پر خراجِ عقیدت پیش کریں۔آئی جی پی نے کہا کہ عوام اور پولیس کا مضبوط باہمی تعاون ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ امن و امان کے قیام میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں اور دہشت گردی و جرائم کے خلاف قومی مشن میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ، امن کے قیام اور ریاست کی سلامتی کے لیے ہر ممکن قربانی دیتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ شہدائے پولیس اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ شہدا کی امانت یعنی محفوظ اور پرامن پاکستان کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

مزید خبریں