چہلم امام حسینؓ کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ مکمل الرٹ، خصوصی ایمرجنسی انتظامات مکمل

چہلم امام حسینؓ کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خصوصی ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

سیالکوٹ۔ 04 اگست (اے پی پی):چہلم امام حسینؓ کے موقع پر ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خصوصی ایمرجنسی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیرِ نگرانی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ضلع بھر میں مکمل الرٹ ہیں۔ اہم جلوسی راستوں اور مجالس کے مقامات پر ریسکیو موبائل پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں، جہاں ایمبولینسز، طبی سامان اور تربیت یافتہ ریسکیورز کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد اور ریسکیو خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ریسکیو اہلکار جلوسوں اور مجالس کے دوران مسلسل نگرانی کریں گے اور کسی بھی طبی ایمرجنسی، حادثے یا دیگر ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ ریسکیو سکاوٹس بھی ریسکیورز کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ رضاکار عوام کی رہنمائی، ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی رسپانس میں معاونت فراہم کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے تمام ریسکیورز اور رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ چہلم کے دوران مکمل الرٹ رہتے ہوئے عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو یقینی بنائیں۔ ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں سے تعاون کریں، راستے کھلے رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر اطلاع دیں۔