انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو نے کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کر لی، جبکہ پاکستان کی منیبہ علی، شوال ذوالفقار، گل فیروزہ اور نشرہ سندھو نے بھی نمایاں ترقی کی ہے۔
آئی سی سی نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرزکی رینکنگ جاری کر دی
لاہور۔4اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی، جس میں سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو نے کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کر لی، جبکہ پاکستان کی منیبہ علی، شوال ذوالفقار، گل فیروزہ اور نشرہ سندھو نے بھی نمایاں ترقی کی ہے۔دامبولا میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والی چماری اتھاپتھو نے پہلے دو میچوں میں بالترتیب 22 گیندوں پر 39 اور 15 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں، جس کے بعد وہ ایک درجے ترقی کے ساتھ 729 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر کے اپنی ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین ریٹنگ تک پہنچ گئیں۔
سری لنکا کی ایمیشا دلانی نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں صرف 64 گیندوں پر ناقابل شکست 101 رنز بنائے، جس کی بدولت وہ بیٹنگ رینکنگ میں 33 درجے ترقی کر کے 23ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں۔پاکستانی کھلاڑیوں میں منیبہ علی نے پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 24 گیندوں پر 42 اور 30 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر چار درجے ترقی حاصل کی اور 538 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ کیریئر کی بہترین ریٹنگ پر پہنچتے ہوئے 30ویں نمبر پر آ گئیں۔نوجوان بیٹر شوال ذوالفقار نے 63 اور 48 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت حیران کن طور پر 869 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین 52ویں پوزیشن حاصل کر لی۔دوسری جانب آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں سری لنکا نے ہیمبنٹوٹا میں پاکستان کے خلاف آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز 2-1 سے جیتنے کے بعد بھی نمایاں فائدہ اٹھایا۔
نصف سنچریاں اسکور کرنے والی ہرشیتھا سماراوکرما چار درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 13ویں، چماری اتھاپتھو تین درجے ترقی کے بعد 18ویں جبکہ حسینی پریرا دو درجے بہتری کے ساتھ 35ویں نمبر پر پہنچ گئیں۔پاکستان کی گل فیروزہ نے فیصلہ کن ون ڈے میں 35 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے، جس کے بعد وہ نو درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹاپ 50 میں شامل ہو کر 45ویں پوزیشن پر آ گئیں۔پاکستان کی اسپنر نشرہ سندھو نے فیصلہ کن ون ڈے میں اپنے دس اوورز میں صرف 23 رنز دے کر تین درجے ترقی حاصل کی اور ویمنز ون ڈے بالرز رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ ٹین میں جگہ بناتے ہوئے دسویں نمبر پر پہنچ گئیں۔









