وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر یادگارِ شہداء پولیس لائن سوات آمد، پھولوں کی چادر چڑھائی

وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن سوات میں قائم یادگارِ شہداء کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق …

سوات۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائن سوات میں قائم یادگارِ شہداء کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات سمیت پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

ڈی پی او نے وفاقی وزیر کو ضلع سوات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شہداء پولیس کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لئے پولیس فورس کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود اور پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ(ن) سوات ڈویژن کے صدر واجد علی خان، سابق صوبائی وزیر و سابق ضلعی ناظم و سیکرٹری جنرل محمد علی شاہ خان ، ضلعی صدر قوی خان، سٹی مینگورہ صدر حاجی عمران خان،سیکرٹری جنرل نور خان، وزیرِاعظم یوتھ کوآرڈینیٹر سید صادق عزیز باچا، سابق رکن صوبائی اسمبلی فضل اللہ خان و دیگر پارٹی عہدیداران اور ذمہ داران بھی موجود تھے۔