حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی 3 روزہ تقریبات ملک کی سلامتی و خوشحالی کی دعا کے ساتھ اختتام پذیر

عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 983 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں ،اختتامی تقریب میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں

لاہور۔4اگست (اے پی پی):عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 983 ویں عرس کی 3 روزہ تقریبات خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں ،اختتامی تقریب میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں،عرس کے دوران قرات، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر رہیں۔عرس کے تیسرے روز بھی زائرین کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھا ئیں ۔تقریبات کے پہلے اور دوسرے روز بھی دربار حضرت داتا گنج بخش پر زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، اندرون ملک اور بیرون ملک سے ہزاروں زائرین نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

اس موقع پر زائرین کی تواضع کیلئے دودھ کی سبیل اور نذرونیاز کی تقسیم کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری رہا، عقیدت مند مزار پر آ کر تبرک تقسیم کرتے رہے، عرس کے موقع پر لگائے گئے مختلف اشیا کے سٹالز سے زائرین نے بھرپور خریداری بھی کی۔پنجاب حکومت کی طرف سے عرس داتا گنج بخش علی ہجویری پر لاہور میں عام تعطیل رہی ۔ عرس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کے تحت داتا دربار جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیئے گئے تھے ٹائو ن ہال کی جانب سے جانے والا راستہ بھی کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا، بلال گنج، کربلا گامے شاہ کے اطراف کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا تھا۔