سندھ بلوچستان جشنِ آزادی فٹ بال کپ،شاہدمیموریل کلب کراچی نے ڈی ایف اے حب کو شکست دے دی

سندھ بلوچستان جشنِ آزادی کپ 2026 بنام شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں بابائے بزنجو فٹبال اسٹیڈیم گوادر میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی کے زیرِ اہتمام جاری فٹبال ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے بھرپور جوش و خروش سے جاری ہیں

کوئٹہ۔ 04 اگست (اے پی پی):سندھ بلوچستان جشنِ آزادی کپ 2026 بنام شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں بابائے بزنجو فٹبال اسٹیڈیم گوادر میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی کے زیرِ اہتمام جاری فٹبال ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے بھرپور جوش و خروش سے جاری ہیں ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے اہم میچ میں شاہد میموریل فٹبال کلب کراچی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی ایف اے حب کو 0-4گولز سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی۔ شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد نے میچ سے بھرپور لطف اٹھایا اور دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی۔ میچ کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ضلع کونسل گوادر شئے مختار بلوچ تھے، جن کا اسٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز سے تعارف کرایا گیا، جبکہ انہوں نے میچ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں سے مصافحہ بھی کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شئے مختار بلوچ نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما، مثبت سوچ، نظم و ضبط، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ منفی رجحانات سے محفوظ رہتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کپ کو شہید ڈپٹی کمشنر ذاکر بلوچ کے نام سے منسوب کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، شہید ذاکر بلوچ نے بطور انتظامی افسر گوادر اور اس کے عوام کی بے لوث خدمت کی، جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔چیئرمین ضلع کونسل نے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی کی کھیلوں کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ضلع میں فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معیار کے منظم اور بڑے اسپورٹس ایونٹس نہ صرف نوجوان ٹیلنٹ کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ گوادر کا مثبت تشخص بھی نمایاں کرتے ہیں جبکہ چیئرمین ضلع کونسل شئے مختار بلوچ نے فاتح ٹیم، رنر اپ ٹیم اور میچ آفیشلز کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا ۔تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی نور احمد کلمتی، سیاسی و سماجی شخصیت میر انور عبدالرحمن اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔