ہاکی ٹیسٹ سیریز،پاکستان نے جنوبی کوریا کو تیسرے میچ میں 3-4گولز سے شکست دے کر0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

اکستان نے جنوبی کوریا کو ہاکی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں زبردست مقابلے کے بعد 3-4گولز سے شکست دے کر 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہاکی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-4 گولز سے …

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہاکی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں زبردست مقابلے کے بعد 3-4گولز سے شکست دے کر 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہاکی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-4 گولز سے شکست دے دی۔ میچ کے مہمان خصوصی وفاقی محتسب اعلیٰ نوید کامران بلوچ تھے جنہوں نے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا۔

میچ کے اختتام پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی اولمپیئن حسن سردار اور چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپیئن سمیع اللہ خان، ڈی جی پی ایس بی سپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔ پاکستان اور کوریا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو 3-4 گولزسے شکست دے دی،

میچ کے آغاز میں جنوبی کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف کے اختتام تک اسے پاکستان کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی ،دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا،پاکستان کی جانب سے حیات زکریا نے 32 ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے مقابلہ برابر کیا تاہم ایک منٹ بعد ہی جنوبی کورین کھلاڑی یانگ جی ہون نے گول کر کے ایک مرتبہ پھراپنی ٹیم کو برتری دلا دی، 45ویں منٹ میں پاکستان کے رانا وحیداشرف نے گول کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا

تاہم میچ کے 50ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے کم یونگ بوک نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری 2-3گولز کر دی لیکن 55ویں منٹ میں پاکستان کے عبدالرحمان نے شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ ایک مرتبہ پھر برابر کر دیا اور دو منٹ بعد ہی پاکستان کے شاہد حنان نے شاندار فیلڈ گول کر کے پاکستان کو کوریا کے خلاف 3-4گولز کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی،اسطرح پاکستان نے جنوبی کوریا کو 3-4گولز سے زیر کر کے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی اور سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

آج کے میچ کو فہد علی خان اور ہارون رشید نے سپروائز کیا جبکہ ریزرو ایمپائر محمد ساجد رضا تھے۔ویڈیو ایمپائر ہارون اسد عباس تھے ۔ سکورنگ جج عدنان شہزاد ،ٹائمنگ جج محبوب جاوید، ٹیکنیکل آفیشل محمد وقاص خان تھے۔ ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ محمد شفیق، ایمپائر منیجر فیض محمد فیضی، میڈیا کو آرڈینیٹر محمد وقاص شیخ، پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر عبدالناصر اخونزادہ،چیف کوآرڈینیٹر اینڈ آپریشن نجیب خٹک کے علاوہ دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔