اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان علی خواجہ نے موٹر وے ایم فور پر خطرناک مواد سے لدی گاڑی کے حالیہ حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئےاوگرا قوانین کے خلاف آتش گیر مواد لے جانے والی گاڑیوں کے موٹروے پر داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق آئی جی سلطان علی خواجہ نےموٹروے پولیس کے دائرہ اختیار میں آنے والی شاہراہوں پر سیفٹی پروٹوکولز کی تعمیل لازمی قرار دے دی ہے اور اوگرا سیفٹی پروٹوکولز کے بغیر آتش گیرمواد لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔آئی جی سلطان علی خواجہ نے ہدایت کی کہ اوگراایس او پیز اور قوانین پر عمل درآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ڈرائیورز، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور عوام الناس میں بھی آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی موٹروے پولیس نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ٹول پلازوں پر اوگرا ایس او پیز کو نمایا ں طور پر آویزاں کیا جائے۔ ایف ڈبلیو او کے تعاون سے آگاہی مہم کیلئے اسکرین بورڈز پر پیغامات بھی نصب کئے جائیں۔ آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ خطرناک مواد کی نقل و حمل کے لیے غیرموزوں گاڑی کا استعمال زندگی خطرے میں ڈالنے کی بڑی وجہ ہے، خطرناک آتش گیر مادے کی نقل و حمل کے لیے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے۔