آئی جی پنجاب نے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا

66

لاہور۔31جنوری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کےلئے سرگرم عمل ہیں۔ فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔ترجمان پولیس کےمطابق شہید کانسٹیبل غضنفر محمود کے اہل خانہ کو شہید کوٹے کے تحت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا، شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق شرقپور روڈ فیروز والا شیخوپورہ میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔

کانسٹیبل غضنفر محمود نے گزشتہ سال مارچ میں دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا۔شہید کانسٹیبل غضنفر محمود کے لواحقین میں اہلیہ اور 4 بیٹے شامل ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کےلئے فنڈز جاری کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کانسٹیبل غضنفر محمود کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔