آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات و تعریفی اسناد دیں

182
IG Punjab
IG Punjab

لاہور۔13نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور اور گوجرانولہ ریجنز میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دیں ۔ترجمان کے مطابق سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اس سلسلے میں پیر کو تقریب ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور اور گوجرانوالہ ریجن کے افسران و اہلکاروں کو نقد انعامات دیئے۔ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ اور اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔

انعامات حاصل کرنے والوں میں ضلعی پولیس اور ایلیٹ کے کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 69افسران و اہلکار شامل تھے ، آئی جی پنجاب نے تمام افسران واہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس اور تعریفی اسناد دیں ۔ ان افسران واہلکاروں نے صوبہ بھر میں جرائم کے قلع قمع اور شہریوں کے تحفظ و خدمت کے فرائض بطریق احسن سر انجام دئیے، آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران واہلکاروں کو شاباش دی اور مزید بہتر کارکردگی کی ہدایت کی۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے اقدامات کے تحت شہریوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے، ظالموں، ڈکیتوں، بدمعاشوں، منشیات فروشوں اور دیگر مجرمان کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے، منظم جرائم کے خاتمے کیلئے مجرمان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جدید پولیسنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی پنجاب پولیس کی احسن روایت ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔