آئی جی پنجاب نے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے مزید 14 لاکھ سے زائد کے فنڈز جاری کر دئیے

آئی جی پنجاب نے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے مزید 14 لاکھ سے زائد کے فنڈز جاری کر دئیے

157

لاہور۔16اگست (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے مزید 14 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کر دئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے سب انسپکٹر ندیم انور عاصم کو کینسر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے، شیخوپورہ پولیس کے ریٹائرڈکانسٹیبل سید شمشاد حسین کو طبی اخراجات کیلئے 02 لاکھ روپے ، ساہیوال پولیس کے انسپکٹر محمد اسحاق کو عارضہ جگر کے علاج کیلئے 02 لاکھ 50 ہزار روپے ، گجرات کے کانسٹیبل ندیم عامر (مرحوم) کی اہلیہ کو وہیل چیئر کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے دئیے گئے۔

اسی طرح لاہور پولیس کے اے ایس آئی محمد شفیق اور ہیڈ کانسٹیبل رب نواز خان کو علاج کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ سپیشل برانچ کے اے ایس آئی محمد اشفاق انجم، پی سی کانسٹیبل محمد محسن اسد کو طبی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ میانوالی کے اے ایس آئی شوکت جاوید خان اور پی سی فاروق آباد کے سلطان احمد کو علاج معالجے کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔

آئی جی پنجاب نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر برانچ کی سکروٹنی کمیٹی کی منظوری کے بعد جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہیلتھ مسائل سے دوچار کسی پولیس ملازم یا اس کے اہلخانہ کو بیماری میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،پولیس ویلفیئر فنڈ سے ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز بھی فورس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اورہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھیں۔