انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے’’یومِ شہدائے پولیس‘‘کے موقع پرشہید ڈی آئی جی فیاض احمد سنبل اور شہید اے ایس آئی محمد فیاض کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پنجاب کی شہید ڈی آئی جی فیاض احمد سنبل اور اے ایس آئی محمد فیاض کی قبروں پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

مزید خبریں
لاہور۔5اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے’’یومِ شہدائے پولیس‘‘کے موقع پرشہید ڈی آئی جی فیاض احمد سنبل اور شہید اے ایس آئی محمد فیاض کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے دونوں شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے شہدا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ شہید ڈی آئی جی فیاض احمد سنبل نے کوئٹہ میں دورانِ ڈیوٹی بم دھماکے میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔بعد ازاں آئی جی پنجاب شہید اے ایس آئی محمد فیاض کی رہائش گاہ پر گئے، جہاں انہوں نے شہید کی والدہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید اے ایس آئی محمد فیاض کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی ایڈمن لاہور عمران کشور اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔








