کراچی۔ 03 جنوری (اے پی پی):آئی جی کمپلینٹ سیل پر گزشتہ سال 30دسمبر تک مختلف نوعیت کی 77522عوامی شکایات ذریعہ فونز، ہیلپ لائن،ای میل،واٹس ایپ و ڈاک موصول ہوئیں جن پر متعلقہ پولیس کو بروقت ذریعہ مکتوب ازالہ اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے تعمیلی رپورٹس طلب کی گئیں۔
بدھ کو جاری کردہ پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس نے74442شکایات کو عمدہ اور بہترین حکمت عملی سے حل کیا جبکہ زیرالتوا 3080 شکایات کے حل کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کو جرائم کے خلاف سندھ پولیس کی گذشتہ 363دنوں کی کارکردگی میں مذید بتایا گیا کہ ہوٹل آئی مینجمنٹ سسٹم سندھ کی جدید تیکنیکس کی بدولت کراچی کے مختلف اضلاع سمیت سندھ پولیس کے دیگر اضلاع سے مجموعی طور پر 259ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس میں 122اشتہاری اور 137مفرور ملزمان شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دوران اسنیپ چیکنگ,چھاپہ مار کاروائیوں اور دیگر ضروری اقدامات سندھ پولیس نے تلاش ایپ ڈیوائس کے استعمال سے 228 مفرور/اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنیکے ساتھ ساتھ 146 ڈیڈ باڈیز کی شناخت کو بھی ممکن بنایا ہے۔