آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ گروپ بی کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے

لاہور۔4فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ2026 کے گروپ بی کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔اس گروپ میں دو سابق چیمپئن ٹیمیں شامل ہیں جن میں میزبان سری لنکا اورآسٹریلیا نمایاں ہیں جبکہ آئرلینڈ، عمان اور زمبابوے بھی مقابلے میں موجود ہیں۔ سری لنکا جو2014 میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے، ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔ کولمبو اور …

لاہور۔4فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ2026 کے گروپ بی کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔اس گروپ میں دو سابق چیمپئن ٹیمیں شامل ہیں جن میں میزبان سری لنکا اورآسٹریلیا نمایاں ہیں جبکہ آئرلینڈ، عمان اور زمبابوے بھی مقابلے میں موجود ہیں۔ سری لنکا جو2014 میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے، ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔

کولمبو اور کینڈی کی پچز سے اچھی واقفیت ان کے لیے اہم ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔ داسن شناکا کی قیادت میں سری لنکن بولنگ اٹیک خاصا مضبوط نظر آتا ہے، جس میں وانیندو ہسارنگا، مہیشا پاتھیرانا اور دشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔ بیٹنگ میں پاتھم نسانکا اور کوسل مینڈس سے تسلسل کی امید کی جا رہی ہے۔آسٹریلیا تجربہ کار سکواڈ کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ کپتان مچل مارش دوسری مرتبہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ان کے ساتھ ٹریوس ہیڈ، گلین میکسویل اور کیمرون گرین بیٹنگ میں خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ سپن ڈیپارٹمنٹ میں ایڈم زمپا اور کوپر کونولی پر بھروسہ کیا جائے گا۔ آسٹریلیا کی نظریں2021 کے بعد ایک بار پھر ناک آئوٹ مرحلے تک پہنچنے پر ہوں گی۔آئرلینڈ تقریبا ہر ٹی 20 میں شریک رہا ہے اور اس بار بھی سپر ایٹ مرحلے تک رسائی اس کا ہدف ہے۔

کپتان پال سٹرلنگ کے ساتھ جارج ڈاکریل اور لورکن ٹکر جیسے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ فاسٹ بولر جوش لٹل اور نوجوان سپنر میتھیو ہمفریز حالیہ مقابلوں میں متاثر کن کارکردگی دکھا چکے ہیں۔عمان چوتھی بار ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے اور ایشیا و ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر سے کوالیفائی کر کے آیا ہے۔

ماضی میں عمان نے دو مواقع پر ورلڈ کپ میں فتوحات حاصل کی ہیں۔کپتان جتیندر سنگھ اور وکٹ کیپر وِنائک شکلا بیٹنگ میں اہم کردار ادا کریں گے جبکہ بولنگ میں جتن رامنندی، سفیان محمود اور ندیم خان ٹیم کی طاقت سمجھے جا رہے ہیں۔ زمبابوے دو سال بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں واپسی کر رہا ہے۔

کپتان سکندر رضا اور برینڈن ٹیلر جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان بیٹر برائن بینیٹ خاص توجہ کا مرکز ہیں۔22 سالہ بینیٹ نے افریقی کوالیفائر میں شاندار کارکردگی دکھا کر ٹیم کی راہ ہموار کی اور بعد میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف بھی اچھی اننگز کھیلیں۔ زمبابوے ماضی میں بڑی ٹیموں کو اپ سیٹ کر چکا ہے ۔