آئی سی سی نےپلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے مردو خواتین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا

آئی سی سی نے جولائی کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے مردوں اور خواتین کی کٹیگریز میں تین، تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ مردوں کی کیٹیگری میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک، ویسٹ انڈیز کے آل رائونڈر جسٹن گریوز اور بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹر تنزید حسن شامل ہیں، جبکہ خواتین کی کٹیگری میں انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ، سری لنکا کی بیٹر ہرشیتھا …

لاہور۔10اگست (اے پی پی):آئی سی سی نے جولائی کے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے مردوں اور خواتین کی کٹیگریز میں تین، تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ مردوں کی کیٹیگری میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک، ویسٹ انڈیز کے آل رائونڈر جسٹن گریوز اور بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹر تنزید حسن شامل ہیں، جبکہ خواتین کی کٹیگری میں انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ، سری لنکا کی بیٹر ہرشیتھا سماراوکرما اور ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کو نامزد کیا گیا ہے۔ ہیری بروک نے جولائی میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی کامیاب ہوم سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔

بالخصوص ٹی 20 سیریز میں انہوں نے پانچ میچز میں229 رنز بنائے، ان کی اوسط 114.50 اور اسٹرائیک ریٹ214.01 رہا۔ بروک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز نے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آل رائونڈکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ جولائی میں دو ٹیسٹ میچز کے دوران گریوز نے215 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کے تنزید حسن نے زمبابوے کے دورے کے دوران مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تین ون ڈے میچز میں159 رنز بنانے کے بعد تین ٹی 20 میچز میں مزید 140 رنز اسکور کیے اور دونوں وائٹ بال سیریز میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

خواتین کی کیٹیگری میں انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اہم اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے 47 گیندوں پر75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں ناقابل شکست58 رنز بنائے۔سری لنکا کی ہرشیتھا سماراوکرما نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو2-1 سے سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دوسرے میچ میں100 رنز بنانے کے بعد فیصلہ کن میچ میں ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے آئرلینڈ کے خلاف تین میچز کی ون ڈے سیریز میں شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے پہلے میچ میں کیریئر کی بہترین159 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے ساتھ تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دوسرے میچ میں100 رنز اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیسرے میچ میں بھی انہوں نے دو وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو سیریز میں3-0 سے کلین سوئپ دلانے میں کردار ادا کیا۔آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے فاتحین کا فیصلہ آزاد آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی اور دنیا بھر کے شائقین کے ووٹوں سے کیا جائے گا۔ ووٹنگ اکیڈمی کا حصہ 90 فیصد جبکہ شائقین کے ووٹوں کا حصہ10 فیصد ہوگا۔ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹ دے سکتے ہیں، جبکہ فاتحین کا اعلان آئی سی سی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کیا جائے گا۔