آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار

آئی سی سی رینکنگ

دبئی۔ 27جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی، ٹیم رینکنگ میں انگلینڈ، بیٹنگ میں ویرات کوہلی، بائولنگ میں ٹرینٹ بولٹ ٹاپ پوزیشن پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی درجہ بندی کیمطابق انگلینڈ کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ، بھارت دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم رینکنگ میں چوتھے ، جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرارہے۔ آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ کی رینکنگ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پر موجود ہیں، روہت شرما دوسرے نمبر جبکہ پاکستان کے بابراعظم کی رینکنگ میں تیسری پوزیشن ہے۔ نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے بائولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، افغانستان کے مجیب الرحمان دوسرے، جسپریت بھمرا تیسرے نمبر پر ہیں۔ بنگلہ دیشی بائولر مہدی حسن 9 درجے بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے کرس ووکس ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے محمد عامر دو درجے تنزلی کے بعد عالمی رینکنگ میں 9ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ ایک سالہ پابندی کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے بنگلہ دیش کے آل رائونڈر شکیب الحسن آئی سی سی آل رانڈرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں، افغانستان کے محمد نبی دوسرے، انگلینڈ کے کرس ووکس تیسرے، انگلینڈ کے بین سٹوکس چوتھے جبکہ پاکستان کے عماد وسیم پانچویں نمبر پرموجود ہیں۔