آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ2024 ء کیلئے امریکہ کے تین وینیوز کو منتخب کرلیا

آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ2024

نیویارک۔20ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکہ کے تین بڑے شہروں ڈیلاس، فلوریڈا اور نیویارک کو مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی میزبانی کے لئے منتخب کرلیا ہے۔ 2024ء ورلڈ کپ کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر کریں گے۔ آئی سی سی بورڈ نے یو ایس اے اور ویسٹ انڈیز کو نومبر 2021ء میں عالمی ایونٹ کے شریک میزبان کے طور پر منتخب کیا تھا۔

گرینڈ پریری ڈیلاس، بروورڈ کائونٹی فلوریڈا کے پاس پہلے سے ہی کھیلوں کی میزبانی کے لئے بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، آئی سی سی دونوں مقامات پر سٹیڈیم کی گنجائش میں اضافہ کرے گا جبکہ نیویارک کی ناسا کائونٹی میں ہائزن پاور پارک میں34,000 نشستوں والے ماڈیولر سٹیڈیم کی تعمیر کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے،

یہ پارک کھیلوں اور دوسرے پروگراموں کے لئے مختص ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ ہمیں یو ایس اے کے تین مقامات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جو اب تک کے سب سے بڑے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے، جس میں 20 ٹیمیں ٹرافی کے لئے مدمقابل ہوں گی۔