پوچیفسٹروم۔21جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں انگلینڈ نے آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ نے روانڈا کو شکست دے دی ، پہلے خواتین انڈر 19 ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے جنوبی افریقہ میں جاری ہیں ، گزشتہ روز کھیلے گئے سپر سکس مرحلے کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کو بآسانی 121 رنز سے ہرا دیا ، انگلینڈ انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے ، کپتان گریس سکریونز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 93 رنز بنائے ، آئرلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 86 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ایبی ہیریسن 16 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، انگلینڈ کی طرف سے سوفیہ سمیل اور ہیناں بیکر نے 3۔3وکٹیں حاصل کیں ۔
سپر سکس رائونڈ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے روانڈا کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ، روانڈا انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنائے ، ہینریتی اشماوی 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، اولیویا اینڈرسن اور کیٹ نے 2۔2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں نیوزی لینڈ انڈر 19 نے مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 16.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، ایما میکلوڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے ۔