کراچی۔24جنوری (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لیے پندرہ رکنی قومی ویمنز سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ، بسمہ معروف قومی ٹیم کی قیادت کریں گی، قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز سلیم جعفر اور توفیق عمر شامل ہیں جبکہ اسماویہ اقبال نیشنل سلیکشن کمیٹی کی چیئر پرسن ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں کھیلنے جانے والے ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ وہ بیٹی کی ولادت اور زچگی کی چھٹی مکمل کرکے اب دو سال بعد دوبارہ سبز جرسی اور کیپ پہن کر میدان میں اتریں گی۔
انہوں نے آخری مرتبہ آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2020 میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔پی سی بی کی پیٹرنل پالیسی کے تحت بیٹی کی دیکھ بھال میں بسمہ معروف کی معاونت کے لیے ایک فرد بھی سکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے اعلان کرد ہ اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہے۔ لیگ اسپنر غلام فاطمہ اور تجربہ کار بیٹر ناہیدہ خان کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
انہیں سعدیہ اقبال اور کائنات امتیاز کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں کرکٹرز انجریز کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھیں۔ان دونوں کے علاوہ تیسری کرکٹر ارم جاوید تھیں جو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں قومی خواتین اسکواڈ کا حصہ تھیں تاہم انہیں ورلڈکپ کے لیے ٹریولنگ ریزرو میں شامل کیا گیا ہے۔ باقی دوکرکٹرز طوبہ حسن اور وکٹ کیپر نجیہ علوی بھی ٹریولنگ ریزرو کی حیثیت سے اسکواڈ کے ہمراہ سفر کریں گی۔
آل رائونڈر ندا ڈار کو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لئے اعلان کردہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔سکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ندا ڈار (نائب کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، جویریہ خان، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سدرہ امین اور سدرہ نواز(وکٹ کیپر) شامل ہیں جبکہ ٹریولنگ ریزرو میں ارم جاوید، نجیہ علوی (وکٹ کیپر)اور طوبہ حسن،اسپورٹ اسٹاف میں عائشہ جلیل (ٹیم منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، ارشد خان (اسسٹنٹ کوچ)، کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، زبیر احمد (ویڈیو اینالسٹ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ مینیجر)اور رفعت گل (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔
چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال نے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ بننے والی تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔انہوں نے کھلاڑیوں کی حالیہ فارم اور ٹیم کے توازن سمیت نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کے لیے قومی خواتین سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔اسماویہ اقبال نے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کی اکثریت کو برقرار رکھتے ہوئے ناہیدہ خان اور غلام فاطمہ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ہر ٹیم کو گلوبل ایونٹ میں تجربے کی ضرورت ہوتی ہے اور ان فارم بیٹر ناہیدہ خان ایک تجربہ کار کرکٹر ہیں۔
غلام فاطمہ نے حال ہی میں کراچی میں منعقدہ کیمپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ایک لیگ اسپنر کی حیثیت سے وہ کپتان بسمہ معروف کے لیے ایک جارحانہ آپشن ہوں گی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہناہے کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا ان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدان میں واپسی پر بہت پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پریکٹس میچز بہت مسابقتی تھے جو ان سمیت اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے لیے بہت سودمند ثابت ہوئے ہیں۔
ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا ان کا ہدف ہے اور اس ٹیم کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔نیشنل ویمنز اسکواڈ 27 فروری سے کراچی میں دس روزہ کیمپ کا آغاز کرے گا۔ اسکواڈ 8 فروری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں پاکستان 6 مارچ کو بھارت سے بے اوول ترنگا میں میچ کھیلے جبکہ 8 مارچ کوبے اوول، ترنگا میں آسٹریلیا، 11 مارچ بے اوول، ترنگا میں جنوبی افریقہ، 14 مارچ کوسیڈون پارک، ہملٹن میں بنگلہ دیش، 21 مارچ کو سیڈون پارک، ہملٹن ویسٹ انڈیز، 24 مارچ کو ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں انگلینڈ اور 26 مارچ کو ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا۔