آئی سی سی ویمنز پلیئر رینکنگ میں پاک سری لنکا کھلاڑیوں کی پوزیشن میں نمایا ں بہتری

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ ون ڈے سیریز کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے والی دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کی تازہ ترین آئی سی سی ویمنز ون ڈے پلیئر رینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو ترجمان پی سی بی کے مطابق انفرادی کارکردگی نے کئی کھلاڑیوں کی درجہ بندی بہتر بنا دی ہے۔

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):سری لنکا اور پاکستان کے درمیان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ ون ڈے سیریز کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے والی دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کی تازہ ترین آئی سی سی ویمنز ون ڈے پلیئر رینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو ترجمان پی سی بی کے مطابق انفرادی کارکردگی نے کئی کھلاڑیوں کی درجہ بندی بہتر بنا دی ہے۔پاکستان کی تجربہ کار بیٹر سدرہ امین نے پہلے دو میچوں میں 57 اور ناقابل شکست 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیٹنگ رینکنگ میں نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

ان کی ساتھی بیٹر گل فیروزہ بھی پہلے میچ میں 78 رنز کی عمدہ اننگز کے بعد 18 درجے ترقی کرکے 54ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔دوسرے ون ڈے میں سری لنکا نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جس میں وشمی گنارتنے اور ہریتھا سماراوکرما نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 203 رنز جوڑے۔ گنارتنے نے 123 اور سماراوکرما نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ اس کارکردگی کے نتیجے میں سماراوکرما تین درجے ترقی کرکے مشترکہ طور پر 17ویں جبکہ گنارتنے 16 درجے بہتری کے ساتھ اپنے کیریئر کی بہترین 39ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔سری لنکا کی آل رانڈر کاویشا دلہاری نے سیریز میں اب تک تین وکٹیں لینے کے ساتھ دوسرے میچ میں 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی کھیلی، جس کے باعث وہ بیٹنگ، بولنگ اور آل راونڈرز تینوں رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔

وہ بیٹنگ میں 38ویں، بولنگ میں مشترکہ 36ویں اور آل رانڈرز کی فہرست میں 14ویں نمبر پر آ گئی ہیں۔سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے بھی بیٹنگ اور بولنگ میں مفید کارکردگی دکھائی۔ وہ بولنگ رینکنگ میں تین درجے ترقی کرکے 32ویں اور آل رانڈرز میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، تاہم بیٹنگ رینکنگ میں چار درجے تنزلی کے بعد 21ویں پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔پاکستان کی اسپنرز امِ حانی اور سیدہ عروب نے بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ دونوں بولرز نے 11، 11 درجے ترقی کرتے ہوئے بالترتیب 53ویں اور 63ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

 

مزید خبریں