پاکستان امریکہ کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری، عوامی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری

پاکستان امریکہ کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری، عوامی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے، بیرسٹر دانیال چوہدری

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری، عوامی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان-امریکہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ اور امریکی کانگریسی وفد کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان-امریکہ پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کنوینئر و رکن قومی اسمبلی سید حسین طارق کی قیادت میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی جبکہ امریکی وفد میں کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر شامل تھے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران جنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کو پاکستانی عوام نے قدر کی نگاہ سے دیکھا جو دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان مؤثر روابط نہ صرف باہمی اعتماد اور مفاہمت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ تجارت، تعلیم، سرمایہ کاری، تعلیمی تبادلوں، جامعات اور دیگر اداروں کے درمیان شراکت داری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے امریکی کانگریس میں پاکستان کے ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ (پاکستان کاکس) کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مزید مستحکم ہوں۔انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریسی وفد کی پاکستان آمد اور ملکی عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا جانا اس امر کا واضح مظہر ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے پیو ریسرچ سینٹر کے حالیہ سروے کے نتائج کو زمینی حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام چین کے ساتھ اپنی دیرینہ اور مضبوط دوستی پر فخر کرتے ہیں تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ امریکہ کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر استوار ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، سفارتی اور عوامی روابط میں مسلسل پیشرفت ہو رہی ہے۔اس موقع پر موجود دیگر پارلیمنٹیرینز نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے سروے کے نتائج کو مسترد کیا اور انہیں زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہ کرنے والا قرار دیا۔