آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے، کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم بسمعہ معروف کی پریس کانفرنس

کراچی۔ 30 جنوری (اے پی پی) آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ہماری ٹیم نے بہت اچھی تیاری کی ہے، ہمارے پاس ٹیم کمبینیشن بھی اچھا ہے اور ورلڈ کپ میں بہتر کھیل کے ساتھ اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا 23 سے 30 جنوری تک جاری رہنے والے آٹھ روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے کے بعد اور آسٹریلیا روانگی سے قبل جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے آج تک کھلاڑی کی حیثیت سے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ میں قومی ٹیم کی کپتان کی حیثیت سے ورلڈ کپ کھیلنے جارہی ہوں جس پر میں نہ صرف خوش ہوں بلکہ اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے بہت پرجوش بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے نتائج کے لئے ہم بھرپور محنت کریں گے اور مثبت سوچ کے ساتھ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ینگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن ہم نے پریکٹس بہت اچھی کی ہے اور ورلڈ کپ شروع ہونے سے کچھ وقت قبل اس لئے جارہے ہیں کہ کچھ وارم اپ میچز کھیلنے کے لئے مل جائیں گے جس سے ہماری تیاری میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 میں بہت تیز کھیل ہوتا ہے اور اس گیم میں فیلڈنگ کی بہت زیادہ اہمیت ہے جس کو مدنظر رکھ کر ہماری کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی پریکٹس پر بہت توجہ دی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ میں بہترین فیلڈنگ یونٹ میدان میں اتاریں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے مارجن میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ بہتر نتائج حاصل کرسکیں۔بسمعہ معروف نے کہا کہ اگر ماضی میں دیکھا جائے تو ہم نے جتنے بھی میچز جیتے وہ اچھے کامبینیشن کی وجہ سے جیتے ہیں اور ورلڈ کپ میں ہمیں اگر کھچھ اچھے کامبینیشن کے ساتھ دو تین اچھی پرفارمنس مل گئیں تو اچھے نتائج حاصل ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسکواڈ بہترین اسکواڈ ہے اور اس میں موجود کئی کھلاڑیوں نے ماضی میں بہت اچھی پرفارمنس کی ہیں اور یہی پرفارمنس اور اس کا تجربہ ہم ساتھ لیکر جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ ہماری ٹیم امپرومنٹ اسٹیج پرہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ ہم سے بہت آگے ہیں لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کرنے کے لئے اچھی پریکٹس کی ہے، اسی طرح اگر قومی ٹیم کرکٹ کھیلتی رہی تو ایک دن ضرور آئے گا کہ ہم ورلڈ نمبر ایک اور ورلڈ نمبر دو کے قریب پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہارڈ ہٹنگ کے لئے ارم جاوید، عالیہ ریاض اور ندا ڈار کو بہت سے مواقع فراہم کئے گئی ہیں اور ان کھلاڑیوں نے کئی مواقعوں پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باﺅلنگ ہماری طاقت ضرور ہے تاہم ہم مکمل 20 اوورز کھیلنے کی کوشش کریں گے، ہماری ٹیم بیٹنگ اور باﺅلنگ دونوں شعبوں میں بیلنس ہے اور کوشش ہوگی کہ بیٹنگ اور باﺅلنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ 15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ قومی اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ ہیں جبکہ آفیشلز میںسید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (بالنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) شامل ہیں۔