آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی، محسن نقوی

لاہور۔24جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی، پی سی بی آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے فیصلوں کا پابند ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم …

لاہور۔24جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی، پی سی بی آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے فیصلوں کا پابند ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم پاکستان کی واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فیصلہ آتے ہی پلان اے، بی اور سی تیار ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے بنگلہ دیش کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے ، اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت رکھتا ہے ، اگر پاکستان کے معاملے میں بھارت کو سہولت دی جا سکتی ہے تو یہی حق بنگلہ دیش کو بھی ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہرا معیار ہے ، کسی ایک ملک کو دوسروں کو ڈکٹیٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر ایسا ہوا تو پاکستان کا بھی ایک واضح موقف ہوگا اور پاکستان اپنے موقف پر قائم رہے گا۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کا موقف وہی ہوگا جو حکومت پاکستان کا ہوگا، اگر حکومت پاکستان بھارت نہ جانے کا فیصلہ کرے گی تو پی سی بی اس فیصلے کی مکمل پابندی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ معاملے کی مزید تفصیل میں نہیں جا سکتے، تاہم جب ضرورت پڑی تو تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کو بھی ایک فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے بعد یہ نہیں دیکھا گیا کہ آگے کیا ہوگا۔کرکٹ سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ آج عوام کے لیے باقاعدہ مرچنڈائزنگ شاپ کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ اسی طرز کی مرچنڈائزنگ شاپس کراچی اور دیگر شہروں میں بھی قائم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت قذافی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کو خوبصورت بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے قذافی اسٹیڈیم کے گردونواح کی خوبصورتی کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا ہے، وادیِ سون میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر لوکل سطح پر کرکٹ ٹیمیں تشکیل دے گی اور کرکٹ کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔صحافیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے اعلان کیا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے صحافیوں کو اسلام آباد میں پلاٹس دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر وزیر اطلاعات اور سی ڈی اے مل کر کام کر رہے ہیں ، وزیر اطلاعات اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔کرکٹرز کے ساتھ مبینہ فراڈ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے پر تاحال ان سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، تاہم جب کرکٹرز رابطہ کریں گے تو معاملے کو ضرور دیکھا جائے گا۔