آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد روہیت شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

162
Indian captain Rohit Sharma
Indian captain Rohit Sharma

برج ٹاؤن۔30جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد بھارتی کپتان روہیت شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ، ان سے قبل بھارتی مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی بھی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں ، 37 سالہ روہیت شرما نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صرف ویرات کوہلی کا نہیں بلکہ یہ میرا بھی آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ تھا، وہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ بھارت کے لیے اسی فارمیٹ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور تب سے اب تک خوب انجوائے کیا ،

شرما کا کہنا تھا کہ اس فارمیٹ کو ورلڈ کپ جیتنے کے بعد خیر باد کہنے سے اچھا کوئی موقع نہیں تھا، روہیت شرما نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ٹاپ اسکورر کے طور پر اپنے کیریئر کا اختتام کیا، انہوں نے 159 میچوں میں 32 کی اوسط سے 4231 رنز اسکور کیے ہیں جن میں 5 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہیں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ 205 چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے ، ان سے قبل بھارتی سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ، ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے نئی نسل کے لئے جگہ چھوڑی جائے، اب نئے کھلاڑی ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے اور بھارتی پرچم لہراتے رہیں گے، 35 سالہ ویرات کوہلی نے 125 میچوں میں 48.69 کی اوسط سے 4188 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 38 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔