گراس آئیلٹ۔16جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ آسٹریلیا نے سکاٹ لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا دیا ، کینگروز نے 181 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، مارکس اسٹوئنس کو 59 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ، اس شکست کے بعد سکاٹ لینڈ کی ٹیم سپر ایٹ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ،
گزشتہ روز گراس آئیلٹ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 35 ویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے ، برینڈن میک مولین نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 چھکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 60 رنز بنائے ، دیگر بیٹرز میں رچی بیرنگٹن 42 اور جارج مونسی 35 رنز بنا کر نمایاں رہے ، آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف تراوس ہیڈ اور مارکس اسٹوئنس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، تراوس ہیڈ نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ مارکس اسٹوئنس نے 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی ۔