13.8 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومکھیل کی خبریںآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ کے خلاف تاریخی اننگز کھیلنے والے...

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، انگلینڈ کے خلاف تاریخی اننگز کھیلنے والے افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کر لئے

- Advertisement -

لاہور۔26فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کے خلاف تاریخی اننگز کھیلنے والے افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران نے متعدد ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔بدھ کے روز لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ کے دوران ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود افغان اوپنر ابراہیم زدران نے 146گیندوں پر 177رنز کی اننگز کھیل کر اپنا ہی ریکارڈ توڑا۔

اس سے قبل، افغانستان کی جانب سے کسی بھی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی ابراہیم زدران کے پاس ہی تھا جنہوں نے 2022میں سری لنکا کے خلاف 162رنز کی اننگز کھیل کر قائم کیا تھا۔بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2023کے دوران ابراہیم زدران نے آسٹریلیا کے خلاف 129رنز کی اننگز کھیلی تھی اور وہ ورلڈکپ میں افغانستان کی جانب سے سینچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹر تھے، آج وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی پہلی سینچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

- Advertisement -

اس کے علاوہ، یہ چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے، چند روز قبل انگلش بلے باز بین ڈکٹ نے 21 سالہ ریکارڈ توڑا تھا تاہم ابراہیم نے چند ہی دنوں میں ان سے یہ ریکارڈ چھین لیا۔انگلش بلے باز بین ڈکٹ نے 3چھکوں اور 17چوکوں کی مدد سے 165رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس سے پہلے یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کے پاس تھا۔نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی نیتھن ایسٹل نے 2004کی چیپئنز ٹرافی میں امریکا کی ٹیم کے خلاف 145 رنز بنائے تھے جب کہ زمبابوے کے اینڈی فلاور نے 2002میں بھارت کے خلاف 145رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

علاوہ ازیں، ابراہیم زدران نے لیجنڈری بھارتی بیٹر اور سابق کپتان کپل دیو کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، آئی سی سی ایونٹس میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ کپل دیو کے پاس تھا۔کپل دیو نے 1983کے ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف 175رنز کی اننگز کھیلی تھی، تاہم افغان بیٹر اب اس فہرست میں دوسرے ایشیائی بلے باز بن گئے ہیں، پہلے نمبر پر سابق بھارتی کپتان سارووگنگولی ہیں جنہوں نے 1999کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 183رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566903

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں