راولپنڈی۔27جنوری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی فروخت (کل) منگل سے شروع ہو گی ۔ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔ بھارت کے میچز یو اے ای میں کھیلے جائیں گے جبکہ میگا ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو ہو گا ۔
پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کیلئے ٹکٹوں کی فروخت (کل) منگل سے گلف اسٹینڈرڈ ٹائم دوپہر ایک بجے اور پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم دوپہر دو بجے شروع ہو گی۔ جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹ کے قیمت ایک ہزار پاکستانی روپے ہو گی جبکہ پریمیئم سیٹس مختلف کیٹگریز میں پندرہ سو روپے سے دستیاب ہوں گی جن میں کراچی لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے دس میچز شامل ہیں۔
فزیکل ٹکٹس بھی پاکستان میں ٹی سی ایس کے منتخب ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے جن کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ دبئی میں بھارت کے میچوں کے بارے میں معلومات جلد بتائی جائیں گی تاہم خواہشمند حضرات خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے ٹکٹس دبئی میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل کے اختتام پر دستیاب ہوں گے۔ آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انو راگ داھیا کا کہنا ہے کہ ہم آفیشل ٹکٹس کی فروخت کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں۔
یہ ایک یادگار موقع ہے کہ پاکستان 1996 کے بعد پہلے گلوبل ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں بہترین کھیل پیش کریں گی۔اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ہم اپنے فینز کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں کہ وہ اس سے محروم نہ ہوں اور اپنے ٹکٹس حاصل کر لیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 1996 کے بعد پاکستان میں ہونے والا ایک تاریخی ایونٹ ہے اور یہ ایونٹ شائقین کو اپنے سامنے دنیا کے بہترین اسٹارز کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں اسٹیٹ آف آرٹ نئے اسٹیڈیمز اپ گریڈ کیے گئے ہیں لہذا شائقین کے لیے یہ ناقابل فراموش لمحات ہوں گے کہ وہ بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں ۔