سٹیٹ بینک کی طرف سے مارک اپ ریٹ میں کمی خوش آئند ہے، میاں ابوذر شاد

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مارک اپ ریٹ میں کمی خوش آئند ہے،فیصلہ سے قرضے کی لاگت میں کمی،صنعتی ترقی کے فروغ اور ملک میں تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے جاری اپنے …

لاہور۔27جنوری (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے مارک اپ ریٹ میں کمی خوش آئند ہے،فیصلہ سے قرضے کی لاگت میں کمی،صنعتی ترقی کے فروغ اور ملک میں تجارت و سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے جاری اپنے بیان میں اس فیصلے کو کاروباری برادری کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مارک اپ ریٹ میں کمی سے پیداواریت میں اضافہ ہوگا اور معاشی استحکام کو فروغ ملے گا۔سٹیٹ بینک کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت اور مرکزی بینک سے اپیل کی کہ وہ معیشت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اضافی اقدامات کریں۔کاروباری برادری نے اس بات پر زور دیا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل مشاورت کے ذریعہ معاشی مسائل کو مو ثر طریقہ سے حل کیا جائے۔

ایل سی سی آئی کی قیادت نے اس فیصلے کو سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک درست سمت میں قدم قرار دیا۔انہوں نے تجارتی بینکوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شرح سود میں کمی کے فوائد کو کاروبار،خاص طور پر ایس ایم ایز اور نئے کاروباری منصوبوں تک منتقل کریں،جو معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔