آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا پہلامیچ، آئی جی پنجاب کی پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

83
ICC Champions Trophy
ICC Champions Trophy

لاہور۔24فروری (اے پی پی):آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا (آج) پیر کو راولپنڈی میں پہلامیچ ہو گا،بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ راولپنڈی سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگے، پنجاب پولیس کی نفری ہائی الرٹ رہے گی۔ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ کی سیکورٹی کے پیش نظر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، پرامن اور محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد یقینی بنا رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، سیکورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن جاری ہے، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے میچ کی سیکورٹی پر 05 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیم، اردگرد کی بلند عمارات پر سنائپرز تعینات ہیں، ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ ٹیمیں روٹس و اہم مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کریں،سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم سمیت اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، ٹریفک کا بلاتعطل بہاو، مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے 367 ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں، انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شائقین محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس سے تعاون کریں۔