آئی پی ایل، پنجاب کنگز کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف تاریخی فتح، 262 رنز کا بڑا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

179
IPL

کولکتہ۔26اپریل (اے پی پی):آئی پی ایل کے میچ میں پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کرلی، پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا 262 رنز کا ریکارڈ ساز ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کرلیا، یہ ٹی ٹونٹی میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی فتح ہے، جونی بیرسٹو اور ششانک سنگھ نے دھواں دار بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلوادی، جونی بیرسٹو کو شاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعہ کے روز ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے آئی پی ایل کے 42ویں میچ میں پنجاب کنگز نے ٹاس جیت کر فیڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز کا بڑا مجموعہ بنا لیا، اوپننگ جوڑی فل سالٹ نے 37 بالوں پر 75 اور سنیل نارائن نے 32 بالوں پر 71 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دیگر بیٹرز میں ونکتیش ایر 39، کپتان شریاس ایر 28 اور آندرے رسل 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پنجاب کنگز کی طرف سے ارشدیپ سنگھ نے دو، سیم کرن، ہرشت پٹیل اور راہول چاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا 262 رنز کا مشکل ٹارگٹ جونی بیرسٹو اور ششانک سنگھ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 18.4 اوورز میں حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ بیرسٹو نے 48 بالوں پر 108 اور ششانک سنگھ نے 28بالوں پر 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جونی بیرسٹ کو شاندار سنچری اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 42 چھکے لگائے جو ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔