آئی کیوب ۔ قمرمشن خلائی تسخیر اور تحقیق میں پاک چین تعاون کی بہترین مثال ہے: پاکستانی سفیر ہاشمی

Ambassador Khalil Hashmi
Ambassador Khalil Hashmi

وینچانگ (چین)3مئی (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چین کے چانگ ای 6 چاند کے ساتھ پاکستان کے تاریخی چاند مشن(آئی کیوب ۔ قمر ) کی روانگی پاک چین دو طرفہ تعلقات کی بہترین مثال ہے۔ پاکستان کے مشن (آئی کیوب ۔ کیو ) کو خلائی تسخیر اور تحقیق میں تعاون کے تحت چاند پر چین کے چانگ، ای6 کے ساتھ جنوبی چین کے صوبہ ہینان میں وینچانگ خلائی جہاز لانچ سائٹ سے روانہ کیا گیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر نے چین کی قومی خلائی ایجنسی، سپارکو اور مشن کو انجام دینے میں شامل تمام افراد کو مبارکباد دی اورکہا کہ یہ ایک اور سنگ میل کی علامت ہے اور وہ اس طرح کے کئی اور سنگ میلوں کے منتظر ہیں۔

سفیر ہاشمی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چین کے لیے ایک اہم دن ہے کیونکہ چانگ ای 6 کی لانچنگ ملک کے خلائی سفر میں ایک اہم سنگ میل کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تکمیل کے بعد مشن چاند سے نمونے واپس لائے گا۔ انہوں نے چاند پر مشن کی رونگی کو پاکستان کے لیے بھی ایک اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی تعاون کی ایک بہترین مثال ہے جس میں ممالک اور ادارے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی خلائی ایجنسی، فرانس، اٹلی اور پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو اکٹھے ہوئے ہیں اور مل کر اس ریسرچ پر جا رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبہ میں مزید تعاون کے بارے میں کہا کہ یہ بین الاقوامی تعاون کی ایک بہترین مثال ہے اور پرامن مقاصد کے لیے خلا میں پاک چین تعاون کی مکمل مثال ہے۔سفیر ہاشمی نے نشاندہی کی کہ پاکستان اور چین ماضی میں تعاون کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مواصلات کے لیے پہلے بھی مصنوعی مواصلاتی سیارے فضا میں بھیجے ہیں اور چین کے ساتھ مل کر ایک اور مصنوعی مواصلاتی سیارہ فضا میں بھیجنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی کیوب ۔ کیوکو تحقیق اورخلائی تسخیرکے لیے متفقہ طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا۔

یہ سیٹلائٹ شنگھائی جیاٹونگ یونیورسٹی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر تیار کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین خلائی جہاز کی بغیر پائلٹ کی پرواز پر مل کر کام کر رہے ہیں اور یقینی طور پر ہم مستقبل میں ایسی بہت سی مثالوں کے منتظر رہیں گے۔ ہر آزمائش پر پورا اترنے والی سدا بہار پاک چین دوستی پر خلائی تحقیق میں تعاون کے اثرات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک پرانے دوست ہیں، بہت منفرد دوست ہیں اور وہ سفارتی،کثیرالجہتی ، دوطرفہ اور خلائی ،اقتصادی اور دفاع جیسے کئی معاملات پر تعاون کرتے رہے ہیں۔ لہذا، یہ ایک بہت وسیع پیمانے کی شراکت داری ہے اور خلائی تعاون اس شراکت داری کا ایک اہم پہلو ہے۔ ہم اسے ترقیاتی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتے ہیں، اور ہم چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں،

چائنا نیشنل اسپیس ایجنسی نے یہ موقع فراہم کیا۔ سفیر نے آئی کیوب ۔ کیو ” کی روانگی کے بارے میں اپنے ذاتی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے، کہا کہ وہ اس روانگی کو دیکھنے کے لیے بہت پرجوش تھے کیونکہ ان کے لئے یہ پہلا موقع تھا کہ وہ چاند پر جانے والے کسی مشن کا مشاہدہ کرنے والے تھے۔قبل ازیں، سفیر ہاشمی نے ہائیکو، ہینان میں منعقدہ چانگ ای 6 انٹرنیشنل پے لوڈز ورکشاپ میں شرکت کی جس کی میزبانی چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن لونر ایکسپلوریشن اینڈ اسپیس انجینئرنگ سینٹر نے کی ۔ورکشاپ سے پاکستان، چین، فرانس اور اٹلی کے ماہرین نے خطاب کیا۔انہوں نے پاکستان اور چین اور دیگر ممالک اور تنظیموں کے لیے آج کے سنگ میل کی اہمیت پر پاکستانی اور بین الاقوامی مندوبین کے ساتھ ساتھ میڈیا سے بھی بات چیت کی ۔