آبادی میں توازن کی بات غیر شرعی نہیں ہے، معاشرے کے اندر ناہمواری کے خاتمے کیلئے پلاننگ بہت اہم ہے، طاہر محمود اشرفی کا سمپوزیم سے خطاب

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آبادی میں توازن کی بات غیر شرعی نہیں ، جہاں شریعت ہمیں چار شادیوں کی اجازت دیتی ہے وہاں پر بیوی، بچوں کی صحت اور تربیت و تعلیم پر بھی زور دیتی ہے، شریعت نے ہمیں حکم دیا ہے کہ اپنے بیوی بچوں کا خیال رکھیں، معاشرے کے اندر ناہمواری کے خاتمے کے لئے پلاننگ بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ‘توازن آبادی: ضرورت، اہمیت اور اسلامی تعلیمات’ کے عنوان سے سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سمپوزیم کا انعقاد پاکستان علماء کونسل اور وزارت صحت کے اشتراک سے کیا گیا۔ وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز عبدالقادر پٹیل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں ملک بھر سے علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام ہر فرد کو تعلیم کا حق اور بچوں کی بہترین پرورش کی تلقین کرتا ہے، آبادی کو کنٹرول کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام ہر فرد کو تعلیم کے حصول کا درس دیتا ہے، آبادی بڑھنے سے ملک کے مسائل پر دبائو بڑھتا ہے، معاشرے میں مساوات قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے بیٹی کو رحمت کہا ہے، آبادی میں توازن کی بات غیر شرعی نہیں ہے، جہاں شریعت ہمیں چار شادیوں کی اجازت دہتی ہے وہاں پر بیوی کی صحت، بچوں کی صحت، تربیت و تعلیم پر بھی زور دیتی ہے، شریعت نے ہمیں حکم دیا ہے کہ اپنے بیوی بچوں کا خیال رکھیں، معاشرے کے اندر ناہمواری کے خاتمے کے لئے پلاننگ بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مرد اور عورت کی صحت کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ملک کے دور دراز علاقوں میں بچیوں کی صحت کی صورتحال قابل فکر ہے، شریعت جہاں چار شادیوں کی اجازت دیتی ہے وہاں عدل پر بھی زور دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بہت سے وسائل دیئے ہیں، لوگوں کو وسائل کے بارے میں آگاہ کرنا بہت اہم ہے، ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماء میں مکمل اتحاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے جمعہ کو بھی حرمت رسولﷺ ۖ پر منائیں گے، ہمارے نبی کریمﷺ ۖ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ پورے عالم کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں، بھارت میں توہین رسالتۖ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مسلمان مظاہرین کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔