کراچی۔25مارچ (اے پی پی):سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت کے بعد قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ کی گھوٹکی کیس میں بھی ضمانت منظور کر لی گئی۔ حلیم عادل شیخ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، پورا پاکستان جانتا ہے مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسایاگیاتھا، سندھ کے معاشی دہشتگردوں نے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنوائے تھے مگر ہم کیسز سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ جھوٹے مقدمات کے باوجود ہم نے تھانے، عدالت پر حملہ نہیں کیا، ہماری جماعت امن پسند ہے، سوئس کیس کے طوطے میں پی ڈی ایم والوں کی جان ہے، مریم نواز کو کرپشن الزامات پر بلایاگیا تو مولانا سامنے آگئے، حافظ حسین احمد کہتے ہیں کہ سوا ارب روپے کی ڈیل مولانا نے کی ہے، نیب زدگان کا ٹولہ نیب پر حملہ کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکروہ چہرے والے نیب زدگان سیاستدان حکومت کو بلیک میل کرناچاہتے ہیں لیکن عمران خان این آر او نہیں دیں گے، یہ اپنے گندے دھندے میں ملکی اداروں پر حملہ کرتی ہے، ڈسکہ میں سپریم کورٹ نے انصاف دیاہے، الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ پیپلز لائرز فورم کے ممبر رہ چکے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ ایک پولیس آفیسرنے آئی جی بننے کے لئے میرے اوپرایف آئی آرزکاٹی اوردہشتگردی کی دفعات شامل کی، ہائی کورٹ کے احکامات کوویلکم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کتے کھسی کرنے کے لئے مختص کئے گئے 92کروڑ کہاں ہیں ،وزیراعلی سندھ اپنے مرحوم والد کاذکرکرنے پر مجھ سے ناراض ہیں جسکی وجہ سے کیسز بھی بنائے گئے مگر ہم کیسز سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔