آج کی پرتشدد اور جرائم سے بھری دنیا میں بابا گرونانک کی تعلیمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج

107
خلیل جارج

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ آج کی پرتشدد اور جرائم سے بھری دنیا میں بابا گرونانک کی تعلیمات کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ان کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ امن اور خوشحالی کے ساتھ کیسے جینا ہے۔ گرو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضروت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دورہ کرتارپور میں بابا گرونانک دیوجی کی برسی کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر نے بابا گرو نانک  کے مزار پر حاضری دی۔ جمعہ کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر خلیل جارج نے کہا کہ سکھ مت کے بانی گرونانک جی نے ہمیشہ دنیا کو امن اور آشتی کا درس دیا۔

آج کے اس پر تشدد معاشرے میں تمام برادریوں کے درمیان باہمی احترام اور محبت کے رشتے پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کا درس انہوں نے ہمیشہ اپنے تعلیمات میں دیا۔ہم سب کو اپنی ذاتی اور عوامی زندگی میں امن کے حصول کے لیے کام کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اقتدار کی چھوٹی موٹی سیاست اور مفاد پرستی میں ملوث آج کے لیڈروں کو امن پیغام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایسے لیڈروں کی ضرورت ہے جو ہمارے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل بن سکیں اور معاشرے کو بگاڑ سے نکال کے امن کے طرف لے جائیں ۔