اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج کے دن پوری قوم شہداء اے پی ایس کو خراج عقیدت اور سلام پیش کررہی ہے، اس سانحہ نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا ۔
سانحہ اے پی ایس شہداء کی 7 ویں برسی پر اپنے پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت سمیت پوری قوم شہداء اے پی ایس کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اے پی ایس کے معصوم ہیروز کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو یکجا کردیا،
پاکستان کی مسلح افواج، سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی، انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، ہمیں اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا ہے۔