اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):آذربائیجان۔ پاکستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ جمہوریہ آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور ممدوف اپنے دورہ پاکستان کے دوران بات چیت میں آذری وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے چوتھے دور میں پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کر رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں فریق تجارت اور توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرگرمیوں سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں فریقین نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔