آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اوراسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر بات چیت
باکو۔30اپریل (اے پی پی):آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اوراسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائل جباروف نے ابو ظہبی سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سعید بن مبارک الہاجری کر رہے تھے۔ وفد دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا بھی حصہ ہے۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرِ معیشت کے مطابق گفتگو میں مشترکہ بین الحکومتی کمیشن برائے اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ صنعت، توانائی، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔









