آذربائیجان کے یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی شرکت

صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):پاکستان میں آذربائیجان کے سفارتخانہ نے ملک کے یوم آزادی کے حوالے سے یہاں ایک استقبالیہ کا انعقاد کیا جس میں وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی، غیر ملکی سفیروں، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات نےبھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ 1991 میں آذربائیجان کی آزادی کی بحالی کے بعد پاکستان آذربائیجان کی آزادی کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی جڑوں پر مبنی مضبوط دوستی، بھائی چارے اور سٹریٹجک شراکت داری کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان سے اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مسلسل گہرے اور مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2022 میں آنے والے ہولناک سیلاب کے بعد آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی ہدایت پر ہمارا ملک ان پہلے ممالک میں شامل تھا جو پاکستان کی مدد کے لیے پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ دوطرفہ اور بین الاقوامی اداروں میں ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ سفیر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں 2022 سے چلائی جا رہی ہیں جو ان تعلقات میں زبردست کردار ادا کرتی ہیں۔ سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ گزشتہ سال 50 ہزار پاکستانی سیاحوں نے آذربائیجان کا رخ کیا ، پاکستان ان ممالک میں سے ایک ہے جو آذربائیجان کے آن لائن آسان ویزا سسٹم میں شامل ہے، پاکستان کے شہری آسانی سے 3 گھنٹے کے اندر آن لائن ویزا حاصل اور آذربائیجان کا دورہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں آذربائیجان کی حکومت نے برادرانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے چاول کو درآمدی کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا کہ ”یوم آزادی“ آذربائیجان کی تاریخ کے شاندار اور اہم دنوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے کثیر جہتی تعلقات میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں مضبوط ترغیب ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی تعاون فعال طور پر بڑھ رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار، سیاحت، دفاع، تعلیم اور ثقافت میں بہت گہرا تعاون ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم ہنر مند اور تکنیکی تعلیم میں تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔