آرسنل ویمنز نے منتقلی کی آخری تاریخ کے روز فرانس کی دفاعی کھلاڑی ایلیسا ڈی المیڈا کو پیرس سینٹ جرمین سے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔
آرسنل کا فرانسیسی ڈیفینڈر ایلیسا ڈی المیڈا کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا

مزید خبریں
لندن ۔8ستمبر (اے پی پی):آرسنل ویمنز نے منتقلی کی آخری تاریخ کے روز فرانس کی دفاعی کھلاڑی ایلیسا ڈی المیڈا کو پیرس سینٹ جرمین سے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔
ای ایس پی این کے مطابق آرسنل نے جمعرات کو رات 11 بجے کی آخری مہلت سے قبل 28 سالہ کھلاڑی ایلیسا ڈی المیڈا سے معاہدہ مکمل کیا۔ آرسنل رواں منتقلی ونڈو کے دوران مرکزی دفاعی کھلاڑی کی تلاش میں تھا تاکہ دفاع کو مزید مضبوط بنایا جاسکے، جبکہ کلب پہلے ہی اٹیکنگ اور مڈفیلڈ میں نئے کھلاڑیوں کے علاوہ 2 مزید گول کیپرز بھی شامل کرچکا ہے۔ ایلیسا ڈی المیڈا نے پی ایس جی کے ساتھ 5 سالہ قیام کے دوران 154 میچز کھیلے اور 3 گول کیے۔
انہوں نے اپنے پہلے سیزن کے علاوہ 24 ۔ 2023 میں بھی فرانسیسی کپ جیتا اور خود کو ایک پُرسکون اور قابل اعتماد دفاعی کھلاڑی کے طور پر منوایا۔ فرانس کی جانب سے 52 میچز کھیلنے والی ایلیسا ڈی المیڈا نے 2023 خواتین ورلڈ کپ اور 2025 خواتین یورپی چیمپئن شپ میں بھی ملک کی نمائندگی کی، جبکہ 2024 یورپی یونین خواتین نیشنز لیگ میں رنر اپ رہنے والی فرانسیسی ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔ آرسنل سے معاہدے پر ایلیساڈی المیڈا نے کہا کہ وہ کلب میں شمولیت پر انتہائی پرجوش ہیں اور بچپن سے آرسنل کو کھیلتے دیکھتی رہی ہیں، اس لیے اس جرسی کو پہننے پر انہیں فخر ہے۔
آرسنل کی ہیڈ کوچ رینی سلیگرز نے کہا کہ ایلیساڈی المیڈا کی پُرسکون طبیعت، تیز نقل و حرکت اور تجربہ ٹیم کے لیے اہم اثاثے ہیں۔ ایلیسا ڈی المیڈا نے آرسنل سے معاہدہ مکمل کرنے سے قبل پی ایس جی کی جانب سے چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ میچ میں حصہ لیا تھا، جس میں پی ایس جی نے مجموعی طور پر 2-6 سے کامیابی حاصل کرکے لیگ مرحلے میں جگہ بنالی۔








