راولپنڈی ۔26اگست (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے چین کی بری فوج کے سربراہ لی کیاومنگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فوجی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔آرمی چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ مہمان شخصیت نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی موثر کوششوں کو سراہا، چینی کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جذبے کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے چینی کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بھائی چارے کی علامت ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے دائمی تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔اس موقع پر چینی کمانڈر نے جی ایچ کیو میں یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے۔ جی ایچ کیو آمد پر چینی کمانڈر کو پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔