راولپنڈی ۔ 17 جون (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے چین کی بری افواج ،پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہن ویگو نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور زیر غور آئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو چین کی زمینی افواج ،پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ہن ویگو نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کی ۔مہمان شخصیت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور علاقائی سلامتی و استحکام کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کی سکیورٹی کے لئے غیر متزلزل تعاون کااعادہ کیا ۔