راولپنڈی۔22مارچ (اے پی پی):جمہوریہ کرغزستان کے وزیر خارجہ رسلان قازاکبایف نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول فوج سے فوج تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں اطراف سے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے او آئی سی کے وزراء خارجہ کی 48ویں کونسل کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے سلسلے میں عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزراء خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔