راولپنڈی۔22فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن نیوی کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے منگل کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر سری لنکا کے ساتھ طویل مدتی کثیر الجہتی تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سری لنکن نیوی کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاع، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے اس کی خصوصی کوششوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔