آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شمالی وزیرستان کا دورہ، افسران اور فوجی جوانوں سے ملاقات، جوانوں کے عزم، حوصلے اور قربانی کے جذبے کی تعریف

113
APP60-26 NORTH WAZIRISTAN: September 26 - General Qamar Javed Bajwa, Chief of Army Staff interacting with troops during his visit to the area. APP

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا ناسور واپس نہیں آنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شمالی وزیرستان کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں انہیں سیکورٹی صورتحال اور سرحدی انتظام اور بے گھر افراد کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جاری منصوبوں اور بے گھر افراد کی بحالی پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی تاکہ دیرپا امن کی منزل حاصل کی جا سکے۔ اپنے دورے میں انہوں نے افسران اور فوجی جوانوں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے جوانوں کے عزم، حوصلے اور قربانی کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے اور اس ناسور کو دوبارہ واپس نہیں آنے دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ وزیرستان اور دوسرے اضلاع کی ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمیں ہر صورت دہشتگردی کو روکنا ہے، دیرپا امن و استحکام کے لئے آپریشن جاری رہنا چاہیے۔