اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی)پاک فوج کے سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،پاک فوج کسی بھی چیلنج، مہم جوئی یا جارحیت سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار اورپرعزم ہے ۔وہ جمعرات کو جی ایچ کیو میں کورکمانڈرکانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں جیو سٹریٹجیک ، قومی سلامتی صورتحال اورآزاد جموں کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔فورم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں محاصرے ،بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز سے اجاگر کرنے کے عمل کو سراہا ۔کورکمانڈر کانفرنس کے شرکاءنے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی سازشوں سے موثر انداز سے نمٹنے کے عمل کو بھی سراہا ۔فورم نے بھارتی کمانڈروں کی جانب سے میڈیا کے زریعے غیر ذمہ دارانہ بیانات یا کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج مادروطن کے تحفظ،وقار اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے ۔