آر سی سی آئی میں پنجاب سنگل یوز پلاسٹک پروڈکٹ ریگولیشنز پر آگاہی سیشن

118
RCCI
RCCI

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) میں پنجاب سنگل یوز پلاسٹک پروڈکٹ ریگولیشنز 2023 پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور چیمبر ممبران نے شرکت کی۔ آگہی سیشن میں شرکا کو ان قواعد و ضوابط کے اثرات، ان پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور سنگل یوز پلاسٹک کے متبادل کے فروغ میں کاروباری برادری کے کردار پر تفصیلی معلومات دی گئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ماریہ سفیر نے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور شرکا کو پنجاب سنگل یوز پلاسٹک پروڈکٹ ریگولیشنز 2023 کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان قواعد و ضوابط میں 2024 میں ترامیم کی گئی ہیں جن کے تحت انتظامی جرمانے اور سزائیں شامل کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں پر 5ہزار روپے سے 50ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

مزید برآں غیر مطابقت رکھنے والے کاروباری اداروں کو سیل کیا جا سکتا ہے اور خلاف ورزی کے نوٹس کے سات دن کے اندر ان کے مواد کو ضبط کیا جا سکتا ہے۔عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

یہ کمیٹیاں نفاذ کی نگرانی، عوامی آگاہی بڑھانے، متبادل کے فروغ اور رجسٹریشن کے عمل کی نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی۔ پلاسٹک بیگز کے لیے کم از کم سائز (12×16 انچ) اور موٹائی (40 مائیکرون) متعین کی گئی ہے تاہم یہ حد خوراک اور دواسازی کی صنعت کے لیے استعمال ہونے والے بیگز پر لاگو نہیں ہوگی۔